چنئی ،23ستمبر(ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا)تمل ناڈو کی وزیر اعلی جے جے للتا کو بخار اور جسم میں پانی کی کمی کی شکایت کے بعد یہاں کے ایک نجی ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ہسپتال کے چیف آپریٹنگ آفیسر ایس وشوناتھن نے بتایا کہ انا ڈی ایم کے کی 68سالہ سربراہ کو کل رات یہاں اپالو ہسپتال لایا گیا،ان کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے،ان کی صحت پر نظر رکھی جا رہی ہے۔ریاستی حکومت کی طرف سے میڈیا میں کل دیر رات جاری ایک پریس ریلیز میں وشوناتھن نے کہا کہ تمل ناڈو کی وزیر اعلی کو بخار اور جسم میں پانی کی کمی کی شکایت کے بعد چنئی کے اپالو ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔افسر نے بتایا کہ اب وزیر اعلی کی حالت مستحکم ہے اور ہسپتال ان کی دیکھ بھال کر رہا ہے۔